• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کی قوم کو عید میلاد النبیﷺ کی مبارکباد

وزیر اعظم عمران خان نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں معلمِ انسانیت حضرت محمدﷺ کے یومِ ولادت پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دُعا کرتا ہوں کہ یہ ماہِ مبارک ہم سب کے لیے باعث رحمت ثابت ہو۔

انھوں نے کہا کہ خاتم النبیینﷺ کی بے مثل تعلیمات رہتی دُنیا تک انسانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حضرت محمدﷺ کی ساری زندگی جہد مسلسل، انسانیت کی رہنمائی سے عبارت ہے، آپﷺ نے مختصر عرصہ میں ایسی فلاحی ریاست قائم کی جس کی نظیر آج تک نہیں ملتی۔

انھوں نے کہا کہ جدید دور کے فلاح عامہ کی بنیاد پر تشکیل معاشرے ٹھیک ان ہی اصولوں پر قائم ہیں۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدل و انصاف، معاشی و معاشرتی مساوات کا عملی نمونہ ریاست مدینہ کے طور پر موجود تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی ممالک نے ریاستِ مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا، افسوس کی بات ہے کہ مسلم دُنیا اس سے رہنمائی لینے اور نظام کو اس کے تابع بنانے سے قاصر ہے۔

اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے تصور سے پوری طرح سے رہنمائی حاصل کریں۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے تصور سے رہنمائی حاصل کر کے ملک کو اس سانچے میں ڈھالیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ ایک مسلسل اور صبر طلب راستہ ہے، ہم نے بحیثیت قوم اس سفر کا آغاز کردیا ہے، اب منزل زیادہ دور نہیں اور بہت جلد اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے کورونا کو پہلے مرحلے میں اللّٰہ تعالیٰ کی مدد و نصرت سے زیادہ پھیلنے سے روکا۔

تازہ ترین