لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)بچوں میں مقبول گانے ’بے بی شارک‘ کی ویڈیو کو دنیا بھر میں سات ارب سے زائد افراد نے دیکھا ہے اور اس طرح اس نے یوٹیوب پر دیکھی جانے والی تمام ویڈیوز کے ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ویڈیو جنوبی کوریا کی کمپنی ’پنک فونگ‘ نے جون 2016 میں تیار کی تھی۔اس سے قبل لوئیس فونسی اور ڈیڈی یانکی کی ’ڈیسپاسیٹو‘ یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے ویڈیو تھی، لیکن اب یہ نمبر دو پر آ گئی ہے۔نمبر تین پر جنوبی کوریا کے ریپر سائی کی ’گنگم اسٹار‘ ہے اور نمبر چار پر وز خلیفہ کی ویڈیو ’سی یو اگین‘ ہے۔یہ ویڈیو بچوں کے علاوہ بڑی عمر کے افراد نے بھی پسند کی۔یہ ویڈیو پہلے جنوب مشرقی ایشیا میں وائرل ہوئی اور اس کے بعد امریکہ اور یورپ میں اسے بے حد پسند کیا گیا۔ یہ برطانیہ میں سنگل چارٹ پر نمبر چھ پر اور امریکہ میں 32 نمبر پر رہی۔بچوں کے لیے گانے لکھنے والے جوناتھن رائٹ نے 2019میں ’پنک فونگ‘ پر یہ کہہ کر ہرجانے کا دعویٰ کر دیا تھا کہ انہوں نے اس کمپنی کے لیے اس سے پہلے ملتا جلتا گانا لکھا تھا اور اس کے کاپی رائٹس ان کے پاس تھے۔