ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کی جانب سے لاہور میں کسانوں پر تشدد اور شیلنگ کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کسانوں پر تشدد اور شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کسان اتحاد کے رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب! آپ کا خوف، ڈر اور گھٹیا پن آپ کے ہر عمل سے ظاہر ہے، وزیراعظم کی دہشت گردی کا عملی مظاہرہ آج لاہور میں کسانوں پر ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز، سرکاری ملازمین، ڈاکٹرز، طلباء اور میڈیا طبقہ آج سراپا احتجاج ہے، کسانوں کو روزگار دینے کی بجائے گرفتار کرنا عمران صاحب کی فاشسٹ سوچ کی عکاسی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ ووٹ چور ظالم حکومت کے پاس عوام کے لیےگالی، گولی اور شیلنگ کے سوا کچھ نہیں ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عوام سے جینے کا حق چھیننے والی ظالم حکومت مظلوموں کی بات سننے پر بھی آمادہ نہیں ہے۔