چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ کہیں سے کوئی بے نظمی کی شکایت نہیں ملی، گلگت بلتستان میں انتخابی مہم صاف اور شفاف طریقے سے چلی۔
گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرز میں بڑا جوش وجذبہ ہے جبکہ کورونا وائرس ایس او پیز پر بھی عمل ہو رہا ہے۔
راجہ شہباز خان نے کہا کہ ووٹ دینے کے لیے لوگ باہر آئے ہیں اور سڑکوں پر موجود ہیں جبکہ ہر حلقے میں پُرامن طریقے سے الیکشن جاری ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی کہا کہ بیلٹ باکسز کی آر او آفس تک ترسیل اور نتائج کے لیے بھی فول پروف انتظامات ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے موسم کی مناسبت سے پہلے ہی انتظامات کر رکھے تھے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں آج انتخابات ہو رہے ہیں، اکثر علاقوں میں آج شدید سردی ہے، بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، نظامِ زندگی متاثر ہے تاہم موسم خراب ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشنز پہنچ رہے ہیں۔
گلگت بلتستان میں برفباری اور موسم شدید سرد ہونے کے باوجود پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کا رش نظر آ رہا ہے جبکہ شدید سردی کے باوجود خواتین بھی بڑی تعداد میں صبح سویرے ہی ووٹ ڈالنے پہنچ گئیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں 23 نشستوں پر ووٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے، پولنگ کا عمل بغیر وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔