وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی ساتھی جاوید گردیزی کی کورونا وائرس سے وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے جاوید گردیزی کے انتقال پر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ہمراہ ایک یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔
اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جاوید گردیزی کی کورونا وائرس سے وفات کا سن کر افسوس ہوا۔ 24 برس قبل پارٹی کی تشکیل کے وقت وہ ہمارے ساتھ شامل تھے۔
پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے بانی رکن جاوید گردیزی کی وفات پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں جہاں اظہار افسوس کیا ہے وہیں خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔
عمران خان نے لکھا کہ ’میں جب بھی جنوبی پنجاب میں سیاسی دوروں پر جایا کرتا تھا تو جاوید گردیزی ملتان میں میرے فیاض میزبان ہوا کرتے تھے اور میرا قیام انہی کے ہاں ہوتا تھا۔‘
وزیر اعظم نے یہ بھی لکھا کہ ’جاوید گردیزی کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔‘