• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا خطاب سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیوز میں شامل

وزیر اعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے خطاب کی ویڈیو اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو بن گئی۔

عمران خان کے آن لائن خطاب کی ویڈیو کو اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر 25 ستمبر 2020ء کو اپلوڈ کیا گیا جس کو دیکھنے والوں کی موجودہ تعداد 2 لاکھ 12 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت تمام ممالک کے حکمرانوں نے آن لائن خطاب کیا تھا اور اقوام متحدہ نے تمام حکمرانوں کی ویڈیوز کو اپنے یوٹیوب چینل پر بھی اپلوڈ کیا۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ ماہ 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے آن لائن خطاب کیا تھا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممبر ممالک کے حکمرانوں نے بھی خطاب کیا تھا۔


عمران خان کے مذکورہ خطاب کی ویڈیو نے تمام وزرائے اعظم کے خطاب کی ویڈیو کو پیچھے چھوڑ دیا اور سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو بن گئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کو 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا گیا جسے دیکھنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد ہے۔

تیسرے نمبر پر انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کے خطاب کو دیکھنے والوں کی مجموعی تعداد 99 ہزار سے زائد ہے۔ جوکو ویدودوکے خطاب کو 23 ستمبر کو اپلوڈ کیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں سالانہ اجلاس سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ بھارت غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر مقبوضہ علاقوں کی حیثیت تبدیل کرکے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی اور خلاف ورزیوں کے باوجود ضبط کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن نہیں ہوسکتا۔

تازہ ترین