• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواب آف کالا باغ ملک امیر محمد خان کو بیٹے نے کیوں قتل کیا ؟

کراچی (نیوز ڈیسک ) نواب آف کالا باغ ملک امیر محمد خان کے بوڑھ والے بنگلے میں، جہاں وہ کبھی سعودی عرب کے شاہ فیصل، ایوب خان، اسکندر مرزا، ذوالفقار علی بھٹو، امریکی خاتون اوّل مسز روز ویلٹ سمیت کئی دوسری عالمی شخصیات کی میزبانی کر چکے تھے، گذشتہ کئی روز سے کشیدگی کے آثار تھے۔ اس کشیدگی کا پتا بنگلے کے مکینوں کے علاوہ ملازمین کے چہروں سے بھی عیاں تھا۔نواب آف کالا باغ کے سوانح نگار کے مطابق نواب صاحب کے دو بیٹوں نوابزادہ مظفرخان اور نواب زادہ اسد خان کی اپنے والد کے کمرے میں یہ گستاخانہ انٹری اسی کشیدگی کا تسلسل تھی۔ اس کے فوراً ہی بعد باہر سیڑھیوں پر بیٹھے خدا بخش کو کمرے سے تلخ کلامی کی آوازیں سنائی دیں، اس کے بعد فائرنگ کی ’اوئے، کے پئے کریندے او؟‘ (ارے، کیا کررہے ہو؟)۔ خدا بخش کے کانوں میں نواب صاحب کا جب یہ جملہ پڑا تو وہ بھی کمرے میں داخل ہو گئے، نوابزادہ مظفر نے انھیں بالوں سے پکڑ کر صوفے پر پٹخا اور کہا ’کسی کو بتایا تو اس سے بھی بُرا حشر کروں گا۔‘ اسی دوران اور ایک اور ملازم عالم خان کمرے میں داخل ہوا، اسے یہ کہہ کر واپس بھیج دیا گیا کہ ’کمرے سے نکل جاؤ، نواب صاحب کو دورہ پڑ گیا ہے۔‘ گولی لگنے کے بعد نواب صاحب قالین پر اوندھے منہ گر چکے تھے اور اُن کے جسم سے خون بہہ رہا تھاعینی شاہدین کے مطابق دونوں بیٹے اس وقت تک کمرے میں موجود رہے جب تک روح نواب کے جسم سے پرواز نہیں کر گئی۔ آخر ایسا کیا اختلاف تھا جس کی وجہ سے معاملات ایسی انتہا پر جا پہنچے کہ بیٹے اپنے باپ کی جان کے درپے ہو گئے؟سید صادق حسین شاہ نے کئی برس گزرنے کے بعد یہ سوال نوابزادہ اسد خان سے پوچھا جو اپنے والد کے قتل کے الزام میں نامزد رہنے کے بعد عدم ثبوت کی بنا پر بری ہو چکے تھے۔ نوابزادہ اسد نے سوانح نگار کے سوال کا براہ راست کوئی جواب دینے کے بجائے کہا کہ ان کے تو اپنے والد سے کوئی اختلافات نہ تھے، البتہ بھائی نوابزادہ مظفر خان کو ان کی پالیسیوں سے کچھ اختلاف تھا جس کا اظہار وہ برملا کیا کرتے تھے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ وقوعہ کے روز انھوں نے اپنے بھائی کو والد کے کمرے کی طرف جاتے دیکھا تو وہ بھی ان کے پیچھے چلے گئے۔

تازہ ترین