ملتان میں اپوزیشن کی تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے پہلے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو درجنوں کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا۔
پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 20 سے زائد مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جن میں یوسی کے سابق چیئرمین بھی شامل ہیں۔
قلعہ کہنہ کو رات گئے پولیس کی جانب سے سیل کیا گیا ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 30 نومبر کو قاسم باغ میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کے جلسے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
پنجاب حکومت پہلے ہی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے کیئے جانے والے جلسوں کی اجازت نہ دینے کا اعلان کر چکی ہے۔
ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں 2 روز قبل سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی سمیت دیگر کارکنوں کو بلا اجازت ریلی نکالنے پر گرفتار کر لیا گیا تھا، کل انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔