مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے حکومت کے خلاف فیصلہ کن مرحلے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، حکومت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں پی ڈی ایم کے آیندہ جلسوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی مقامی قیادت کا اہم اجلاس آج 11 بجے ہوگا، لاہور کا جلسہ ووٹ چور حکومت کے خلاف عوام کے فیصلہ کن رد عمل کا آغاز ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اجلاس لاہور میں مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ہوگا، اجلاس میں جے یو آئی ف کے جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری بھی شریک ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے حاجی عزیزالرحمٰن چن، اے این پی کے امیر بہادر ہوتی، نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر کبیر بھی شریک ہوں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی صوبائی اور مقامی قیادت شریک ہوگی، اجلاس میں 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے سے متعلق مشاورت ہوگی۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اجلاس 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لے گا اور حکومت کی ممکنہ رکاوٹوں اور ان کے مقابلے کے لیے حکمت عملی تیارکی جائے گی۔