پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اگلے جلسے سے متعلق کہنا ہےکہ 13 دسمبر کا لاہور کا جلسہ سب سے تگڑا ہوگا۔
ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور کے جلسے کو روکنے والے خود رک جائیں گے، ڈنڈوں کے استعمال اور گرفتاری وغیرہ سے بھی کچھ نہیں بنے گا۔ لاہور اس نکمی اور جھوٹی حکومت کی دوڑیں لگوائے گا۔ دیکھتے جائیں اور اپنا حصہ ڈالتے جائیں۔
اس سے قبل پی ڈی ایم کے ملتان میں ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ پورے ملک کے کارکنوں کو پیغام دیتا ہوں 13 دسمبر کو لاہور میں ٹاکرا ہوگا۔ آپ نے ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کردیا ہے، ہم جلسہ نہیں کرینگے تو غریب کی آواز کون بنے گا۔
ملتان میں جلسے سے پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو اور مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے بھی خطاب کیا تھا۔