• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی چھٹا راؤنڈ: پہلے دن بیٹسمینوں کا راج


قائد اعظم ٹرافی کے چھٹے راؤنڈ کے پہلے دن کراچی کے تینوں گراؤنڈز پر بیٹسمینوں کا راج رہا۔

کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کے میچز نیشنل اسٹیڈیم، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس اور اسٹیٹ بینک کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جارہے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم پر شروع ہونے والے میچ کے پہلے روز دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب نے سندھ کے خلاف 5 وکٹ پر 232 رنز بنائے۔

عثمان صلاح الدین نے 80 اور علی زریاب نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں جبکہ تابش خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔


یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر جاری میچ میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست سدرن پنجاب، ناردرن کے خلاف میدان میں اتری اور 285 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

عمر صدیق اور سیف بدر نے چوتھی وکٹ پر 143 رنز کی شراکت نے ٹیم سنبھالا دیا، دونوں بیٹسمین بالترتیب 88 اور 81 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

صدف حسین نے 3، منیر ریاض اور سلمان علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پہلے دن کے اختتام پر ناردرن نے بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنالیے تھے۔

ادھر اسٹیٹ بینک کرکٹ گراؤنڈ پر خیبرپختونخوا نے بلوچستان کے خلاف پہلے روز 9 وکٹ پر 292 رنز بنالئے ہیں۔

کے پی کی طرف سے کامران غلام نے شاندار سنچری اسکور کی، وہ 130 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ریحان آفریدی نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔

بلوچستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 3، عمید آصف اور تاج ولی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین