قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ کے دوسرے روز خیبر پختونخوا اور بلوچستان نے پوزیشن مضبوط کرلی جبکہ سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان مقابلہ دلچسپ ہوگیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سندھ کی ٹیم نے 289 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا لیکن اس کی 6 وکٹیں صرف 94 رنز کا ہی اضافہ کرسکیں اور ٹیم 383 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سدرن پنجاب کے بلاول بھٹی نے 4، محمد عمران اور ضیاء الحق نے 3،3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
دوسرے دن کے اختتام تک سدرن پنجاب نے 2 وکٹ پر 148 رنز بنالیے ہیں، زین عباس 75 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
ادھر نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس پر جاری میچ کے دوسرے روز بلوچستان نے 257 رنز 5 کھلاڑی سے اننگز آگے بڑھائی۔
کاشف بھٹی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کر ڈالی، ان کا ساتھ محمد طلحہ نے 30 رنز بناکر دیا، بلوچستان 418 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔
ناردرن کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا، 5 کے اسکور پر 3 وکٹیں گر گئیں تھیں لیکن پھر حماد اعظم اور آصف علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو کچھ بہتر بنایا، کھیل کے خاتمے پر ناردرن کا اسکور 6 وکٹ پر 196 رنز تھا، تاج ولی اور کاشف بھٹی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر خیبر پختونخوا 4 کھلاڑی آؤٹ 61 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 236 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، خالد عثمان 92 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو سینٹرل پنجاب کی آدھی ٹیم 65 کے مختصر اسکور پر واپس لوٹ گئی، ساجد خان نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی 4 وکٹیں حاصل کیں۔