قائداعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ میں خیبرپختونخوا نے دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کو 5 وکٹ سے ہرادیا۔
سندھ اور سدرن پنجاب کا سنسنی خیز میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیرختم ہوگیا جبکہ ناردرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر چوتھے روز خیبرپختونخوا نے سینٹرل پنجاب کا 173 رنزکا ہدف پانچ وکٹ پر حاصل کرکے دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کو تیسری ناکامی سے دوچار کردیا۔
نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلا گیا سندھ اور پنجاب کا میچ سنسنی خیز انداز میں ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔
آخری روز سندھ کی ٹیم نے 6 وکٹ پر 253 رنز بنا کر دوسری اننگز ڈکلیئر کی، سعود شکیل 70 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
342 رنز ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب نے 4 وکٹ پر 206 رنز بنائے، سیف بدر نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر ناردرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بھی دلچسپ انداز میں ڈرا ہوگیا۔
بلوچستان نے دوسری اننگز 250 رنز پر ڈکلیئر کی، بلوچستان کے 394 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم نے دوسری اننگزمیں 8 وکٹ پر 385 رنز بنائے تھے کہ اوورز ختم ہوگئے۔