• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ خوراک نے دو آٹا ڈیلروں سمیت 19گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے دو آٹا ڈیلروں سمیت 19 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے صدر میں آٹا ڈیلروں کے دکانوں میں آٹے کی ترسیل کا معائنہ کیا اور شہریوں سے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ ڈیلروں کی جانب سے سپیشل آٹا 14 سو روپے میں فروخت کرنے پر دو آٹا ڈیلروں کا کوٹہ اور لائسنس معطل کردیا جبکہ چوک یادگار اور ہشت نگری میں سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 19 افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرانفروشوں میں آٹا ڈیلرز‘ سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ قصائی‘ نانبائی‘ جنرل سٹور و بیکری مالکان شامل ہیں۔ قبل ازیں محکمہ خوراک کی جانب سے پشاور کے صحافیوں میں رحمت فلور مل کا آٹا 850 روپے میں رعایتی آٹا تقسیم کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں اور گرانفروشوں کا قلع قمع کریں جبکہ کسی کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے
تازہ ترین