• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقیقت میں زندہ خاتون مردہ بن کر بیرون ملک سفر کرتی رہی


پاکستان میں مردے بھی ہوائی سفر کرتے ہیں، بیرون ممالک جاکر واپس بھی آجاتے ہیں، یہ انکشاف ہوا ہے کہ ایک خاتون نے اپنے آپ کو مردہ ظاہر کر کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوایا اور پھر اس کے بعد پانچ بار بیرون ملک دورے بھی کیے، ایف آئی اے نے خاتون کو مردہ ظاہر کرنے اور اس سے فائدہ اٹھانے میں ملوث ایک ڈاکٹر، یو سی سیکریٹری اور خاتون کے بچوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پاکستان میں مردے بھی ہوائی سفر کرنے لگے ہیں، کاغذات میں مردہ خاتون حقیقت میں زندہ اور بیرون ممالک پرواز بھی کرتی رہی، ایف آئی اے حکام کے مطابق سیما کھربے نامی خاتون نے اپنا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ 8 جون 2011 کو بنوایا، کاغذات میں ان کی تدفین بھی کر دی گئی، اپنی تدفین کے صرف دو ماہ بعد ہی سیما کھربے نے بیرون ممالک سفر کیے اور انھوں نے  کم از کم 10 بار ہوائی سفر کیا۔

تمام دس بار ہوائی سفر کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کیا گیا، اس دوران سیما کھربے نے پانچ ممالک کا دورہ کیا، ان پانچ ممالک جاکر سیما کھربے واپس پاکستان آئی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اپنی کاغذی موت کے بعد خاتون نے پہلا ہوائی سفر اگست 2011 میں کیا جبکہ آخری ٹریول ریکارڈ اگست 2013 کا ہے۔

ایف آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ خاتون نے اپنی جعلی موت کے ذریعے امریکا میں انشونس پالیسی کلیم کی، خاتون نے 2008 اور 2009 میں امریکا میں دو انشورنس پالیسیاں لیں۔


 سیما کھربے کے بیٹے اور بیٹی نے انشورنس کلیم کی 15 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم حاصل کی، اس جرم میں لیاری جنرل اسپتال کے ڈاکٹر اور یونین سیکریٹری بھی ملوث ہیں، تمام افراد کے خلاف ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اس جرم کی اطلاع امریکی حکام نے ایف آئی اے کو کی تھی۔

تازہ ترین