• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کا چین سے کارگو پروازوں کا معاہدہ

پی آئی اے اور چین کی اورینٹل اسکائی ایوی ایشن کے مابین کارگو چارٹر معاہدہ طے پا گیا، معاہدے کے تحت پی آئی اے اسلام آباد اور لاہور سے ارمچی کیلئے ہفتے کی سات چارٹر کارگو پروازیں چلائے گی۔

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان عبد اللّٰہ خان کے مطابق چار پروازیں اسلام آباد اور تین پروازیں لاہور سے ارمچی کےلیے چلائی جائیں گی۔

معاہدے کی دستاویز پر پی آئی اے کی جانب سے جنرل منیجر چارٹرز اور اورینٹ اسکائی کی جانب سے مینیجنگ ڈائریکٹر رش وانگ نے دستخط کئے۔

پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ کوویڈ کے دوران کارگو مارکیٹ بہت بڑھی ہے اور پی آئی اے اس موقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتا ہے۔

اس بارے میں سی ای او، پی آئی اے ارشد ملک نے کمرشل ڈپارٹمنٹ کو خصوصی ہدایات دی ہیں کہ متبادل ذرائع سے آمدنی کو بڑھایا جائے۔


پی آئی اے کوویڈ کے دوران کرغزستان کے شہر بشکیک اور چین کے شہروں شیان اور بیجنگ کیلئے مسافروں اور کارگو چارٹر آپریٹ کررہا ہے۔

اس چارٹر سے پاکستان اور چین کے مابین تجارت کو فروغ ملے گا اور اشد ضروری سامان کی ترسیل آسان ہوگی۔

تازہ ترین