پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی نے والدہ کو اپنی پہلی محبت قرار دے دیا۔
زید علی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خوبصورت تصویر شیئر کی ہے جس میں اُن کے ہمراہ اُن کی زندگی کی دو خاص خواتین موجود ہیں یعنی اُن کی والدہ اور اہلیہ یمنیٰ۔
مذکورہ تصویر میں زید علی اور اُن کی اہلیہ والدہ سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے اُن کے چہرے پر بوسہ دے رہے ہیں۔
زید علی نے ماں اور اولاد کے خوبصورت رشتے کو بیان کرتی اس تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’پہلی عورت جس سے ہم سب سے زیادہ محبت کرتے ہیں، وہ ہماری ماں ہے۔‘
یوٹیوبر نے 14 گھنٹے قبل ہی انسٹاگرام پر یہ تصویر پوسٹ کی ہے جسے اب تک دو لاکھ سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں۔
اس سے قبل اُنہوں نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کی تھی جس میں زید علی اور یمنیٰ برفبانی علاقے میں سیر سپاٹے کرنے میں مصروف تھے۔
زید علی نے اپنی اس تصویر کو ایک معنی خیز کیپشن دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’یقین کریں ہر مرد کی کامیابی کے پیچھے ایک عورت کا ہی ہاتھ ہوتا ہے۔‘
خیال رہے کہ انٹرنیٹ پر اپنی مزاحیہ ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین اسٹار زید علی نے اگست 2017ء میں یمنیٰ سے شادی کی۔
سوشل میڈیا سے شہرت پانے والے پاکستانی نژاد زید علی کینیڈا میں مقیم ہیں، تاہم بیرونِ ملک پیدائش اور پرورش کے باوجود زید نے اپنا طرز زندگی روایتی پاکستانیوں جیسا رکھا ہوا ہے۔