وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ کرک میں کچھ لوگ ایک مندر کو گرانے کی سازش کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، آئین بھی غیر مسلم آبادی، ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام اور آئین پاکستان میں غیر مسلم اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی کی اجازت دیتے ہیں، معاملے کے پر امن حل کے لیے وزارت مذہبی اُمور علاقے کے مذہبی رہنماؤں سے رابطےمیں ہے۔
نورالحق قادری نے کہا کہ کرک کی ہندو کمیٹی کے مندر سے ملحقہ جگہ خرید کر توسیع کرنے پر آبادی مشتعل ہوئی تھی، کرک انتظامیہ ملوث افراد کو گرفتار کر رہی ہے، مقامی ہندو بھی پرامن رہیں۔
اُ ن کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر اقلیتی اُمور وزیر زادہ، ایم پی اے روی کمار کے ذریعے معاملات حل کررہے ہیں، اس کے علاوہ سابقہ ایم این اے مولانا شاہ عبدالعزیز سے بھی معاملہ حل کرنے کا کہا ہے۔
نورالحق قادری نےکہا کہ کسی کو بھی اقلیتوں کے مقدس مقامات، عبادتگاہیں گرانےکی اجازت نہیں دی جائے گی، واقعہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔