کراچی، اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) اپوزیشن نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیا معصوم بچے بلیک میل کرسکتے ہیں، وزیراعظم کا رویہ انسانیت سے عاری ہے، وزیراعظم زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک چھڑک رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار مریم نواز، نیئر بخاری، رضا ربانی، شیری رحمٰن، ناصر حسین شاہ، شہلا رضا اور دیگر نے الگ الگ بیان اور پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان کے بیان پر دعمل دیتے ہوئے کیا۔
مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہزارہ برداری سے متعلق وزیراعظم کا بیان انسانیت سے عاری ہے۔میں سلیکٹرز سے بھی سوال کرتی ہوں کہ کیا 22 کروڑ عوام میں یہ ہی ایک سوغات ملی تھی۔موجودہ حکومت کی پے در پے غلطیوں پر عوام اب سلیکٹرز سے جواب طلب کررہے ہیں۔
کیا سلیکٹرز جانتے ہیں کہ ان کے انتخاب کی وجہ سے برادر دوست ناراض ہوئے، خارجہ پالیسی برباد کردی، گورننس کا ستیاناس کیا اور اب مظلوموں کو بلیک میلرز کا لیبل دیکر انسانیت کی توہین کی جارہی ہے۔
جس کو کوئٹہ جانے کی اجازت نہیں مل رہی اسکی کیا حیثیت این آر او دینے کی، وزیراعظم کے پاس کتوں سے کھیلنے اورڈرامے دیکھنے کاوقت ہے،متاثرین سے بات کرنے کا نہیں۔ ہزارہ برداری سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کو دفنادیں کیونکہ جس انسان سے آپ امید لگائے بیٹھے ہیں اسکے سینے میں دل نہیں ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے لاہور جانا تھا، کوئٹہ سے واپسی پر کراچی رکنا پڑا، میرا یہاں پریس کانفرنس کا کوئی پروگرام نہیں تھا لیکن وزیراعظم کے حالیہ بیان نے مجھے انھیں جواب دینے پر مجبور کر دیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا بیان سنا کہ مجھے بلیک میل مت کریں، آپ اپنے مردوں ک دفنائیں میں آپکے پاس واپس آؤں گا۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا، وزیراعظم کا ہزارہ کمیونٹی سے متعلق بیان پست سوچ کی عکاسی انتہائی نامناسب اور غیر ذمہ دارانہ ہے، وزیراعظم زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک چھڑک رہے ہیں۔
سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے وزیراعظم کے بلیک میلنگ سے متعلق بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ مظلوموں کے دُکھ درد میں شریک ہونے کے مطالبے کو بلیک میلنگ قرار دینا درحقیقت عمرانیت ہی ہے۔ کوئی ہے جو وزیراعظم کی مردہ ضمیری کو ’’تبدیلی‘‘ کا کفن دے۔ پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ وزیراعظم بیان واپس لیکر ہزارہ کمیونٹی سے معافی مانگیں۔
علاوہ ازیں سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ جب وزیراعظم کہے کہ مجھے بلیک میل نہیں کیا جاسکتا تو اسکا مطلب ہے کہ اسکی انا، ریاست سے بڑی ہے، یہ فاشزم کی سمت ہے۔
دریں اثناء پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا بیان کوئٹہ میں پڑی میتوں کی توہین ہے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ وہ نا صرف نا اہل ہیں بلکہ بے رحم بھی ہیں۔ ہزارہ برادری عمران خان سے نہیں ملک کے وزیراعظم سے مطالبہ کر رہی ہے۔
علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان بیان کو انتہائی سفاکانہ اور خود غرضانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں پہلی بار مقتولوں کی میتیں کسی زندہ لاش کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔