• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکاری سے صبر اور محنت کرنا سیکھا ہے، شیث سجاد گل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)معصوم چہرے کے ساتھ مشکل ڈائیلاگ ادا کرنے والے 9 سالہ چائلڈ آرٹسٹ شیث سجاد گل نے معمولی سے وقت میں بے پناہ مقبولیت حاصل کرلی ہے ۔

مقبول ترین ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ میں رومی کا کردار ادا کرنے والے شیث سجاد گل نےنجی ریڈیو چینل کی آرجے سارہ بلوچ کے ساتھ انسٹاگرام پر لائیو سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے پہلے لگتا تھا کہ اداکاری آسانی سے ہوجاتی ہے لیکن ڈرامے میں اداکاری کے بعد سمجھ آیا کہ اس میں بہت وقت لگتا ہے جبکہ اداکاری سے انہوں نے صبر اور محنت کرنا سیکھاہے ۔

چائلڈ آرٹسٹ کا کہنا تھا کہ میں نے اس سے پہلے بہت سارے اشتہار کیے تھے اور ماہرہ خان اور شہریار منور کی فلم 7 دن محبت ان میں بھی چھوٹا سا کردار ادا کیا تھا ۔

شیث نے اداکار ہمایوں سعید کی ایک لفظ میں تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوش مزاج ہیں جبکہ اداکارہ عائزہ خان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ بہت مدد کرنے والی ہیں۔

چائلڈ آرٹسٹ نے ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمر سے متعلق کہا کہ ان کا دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ ہر وقت غصے میں ہیں وہ بہت زیادہ مسکراتے نہیں ہیں ۔شیث نے یہ بھی بتایا کہ وہ بڑے ہو کر سائنسدان بننا چاہتے ہیں، ان کا ماننا ہے کہ سائنسدان ایک چھوٹی سی چیز سے دنیا کو تبدیل کرسکتا ہے ۔

یاد رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی فلم ساز گلوکار اور فلم ڈائریکٹر یاسر اختر نے چائلڈ اسٹار شیث سجاد کو اپنی نئی فلم ’رنگ دو رنگی‘ میں کاسٹ کرلیا ہے۔

تازہ ترین