• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارن فنڈنگ، فیصلہ ہوجاتا توحکمران سیاست سے نااہل ہو جاتے، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا وقت پر فیصلہ ہوجاتا تو عمران خان سیاست سے نااہل ہوجاتے اور پی ٹی آئی کی رجسٹریشن بھی منسوخ ہوجاتی،سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ حکومت مسلسل غلطیوں کی وجہ سے خود کو کمزور کررہی ہے، ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے کہا کہ ملائیشیا کی عدالت نے پی آئی اے کا موقف سنے اور نوٹس بھیجے بغیر اپنا فیصلہ سنادیا یہ بھی عجیب بات ہے۔ ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان چھ سال سے فارن فنڈنگ کیس میں این آر او سے چل رہے ہیں،یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ پی ٹی آئی کو ملک دشمن ذرائع سے فنڈنگ آتی رہی ہے، الیکشن کمیشن کسی پارٹی کی رجسٹریشن منسوخ کردے تو وہ پارٹی الیکشن لڑنے اور انتخابی نشان کی اہل نہیں رہتی ہے، الیکشن کمیشن کسی پارٹی کی رجسٹریشن منسوخ کردے تو وہ انتخابی حیثیت برقرار نہیں رکھ سکتی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کیسوں کا ایک مہینے میں فیصلہ ہوجاتا ہے عمران خان کے فیصلے چھ چھ سال لٹکتے رہتے ہیں، الیکشن کمیشن کو اب فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کردینا چاہئے، اسٹیٹ بینک ثبوت دے چکا ہے کہ پی ٹی آئی نے ایسے درجنوں اکاؤنٹس الیکشن کمیشن کے سامنے ظاہر نہیں کیے جہاں باہر سے پیسہ آتا تھا، پی ٹی آئی نے بھی قبول کرلیا ہے کہ ان کے دو ایجنٹس فنڈنگ میں بے ضابطگی کرتے رہے، یہ دونوں ایجنٹس عمران خان کے خاص الخاص مقربین میں شامل تھے، پی ٹی آئی کا غیرقانونی فنڈنگ کی ذمہ داری ایجنٹس پر عائد کرنا قابل قبول نہیں ہے ، تمام فنڈز عمران خان کی نگرانی میں پاکستان منتقل ہورہے تھے اس لئے ذمہ داری بھی انہی کی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس لانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کا آپشن بھی موجود ہے۔

تازہ ترین