• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امارات کا امریکا سے جنگی طیارے اور ڈرون خریدنے کا معاہدہ

ابوظبی ( نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے 50 ایف 35لڑاکا جیٹ اور 18ڈرون طیاروں کی خریداری کے لیے امریکا کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے سے متعلق بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اپنا عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی اس معاہدے پر کام کر رہے تھے ، تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ وہ سابق دور میں کیے گئے معاہدوں کا جائزہ لیں گے۔ واضح رہے کہ امارات، مشرق وسطیٰ میں واشنگٹن کا قریبی اتحادی ہے اور وہ طویل عرصے سے لاک ہیڈ مارٹن کے تیار کردہ ایف35لڑاکا جیٹ طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کر رہا تھا۔ ان طیاروں کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ وہ ریڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات سے یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ جب وہ اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کرنے پر تیار ہو جائے گا تو امریکا اس معاہدے کو آگے بڑھا دے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ اور متحدہ عرب امارات کے واشنگٹن میں قائم سفارت خانے نے اس خبر پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
تازہ ترین