پاکستان سمیت دنیا بھر میں اداکاروں اور کھلاڑیوں سمیت کئی مشہور شخصیات کو کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن میں لوگوں کی مدد کرتے دیکھا گیا۔ بڑے ناموں کو انسانیت کی خدمت کرتے دیکھ کر لوگوں نے سوشل میڈیا سمیت ہر جگہ ان لوگوں کی تعریف کی اور انکی خدمات کو سراہا۔
بالی وڈ اداکار ورون دھون کو لاک ڈاؤن کے دوران فلاحی کاموں کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایوارڈ کا انعقاد مراٹھی زبان کے بڑے میڈیا گروپ کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں ورون کو’سکل سنمان‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ممبئی میں ہونے والی تقریب میں بالی وڈ اداکارہ اور سیاستدان ارمیلا ماٹونڈکر نے ورون کو ایوارڈ دیا۔
حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے ورون دھون نے مرکزی اور ریاستی حکومت کے فنڈ میں بڑی رقم عطیہ کی تھی۔ اس کے علاوہ وہ ہیلتھ ورکرز میں کھانا بھی تقسیم کرتے رہے ہیں۔
ورون دھون کے علاوہ بالی وڈ کے ہدایت کار روہت شیٹھی کو بھی لاک ڈاؤن کے دوران ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شیٹھی نے حکومتی فنڈ میں بڑی رقم عطیہ کرنے کے علاوہ لاک ڈاؤن کے دوران خدمات سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کے لیے 8 ہوٹل بک کیے۔ اس کے علاوہ وہ فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کی مدد میں بھی پیش پیش رہے۔