• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران چند ماہ میں جوہری ہتھیار بنالے گا، امریکا، ایک سے دو برس لگیں گے ،اسرائیل

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ ایران جوہری طاقت بننے کے قریب پہنچ گیا ہے ، امریکی وزیر خارجہ انتونی بلینکن نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران 3سے 4ماہ کے اندر اندر جوہری طاقت حاصل کرسکتا ہے، تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کی جوہری طاقت حاصل کرنے کی صلاحیت کو متاثر کیا ہے اور تہران کو صرف ایک جوہری ہتھیار بنانے کیلئے درکار یورینیم افزودہ کرنے ہی میں 6 ماہ لگ جائیں گے ۔

امریکی وزیرخارجہ نے این بی سی کی آندریا میچل سے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ’’یہ ایک مسئلہ ہے اور یہ زیادہ سنگین ہوسکتا ہے کیونکہ اگر ایران نے سمجھوتے کے تحت عائد کردہ قدغنوں کی خلاف ورزی جاری رکھی تو پھر معاملہ صرف ہفتوں کا رہ جائے گا۔‘‘

انہوں نے کہا:’’حاصل بحث یہ ہے کہ وہ (ایرانی) اس نکتےکے قریب پہنچ چکے ہیں جہاں وہ جوہری طاقت بننے کے قریب ہیں یا وہ دراصل ایک جوہری قوت بن چکے ہیں۔‘‘

اسرائیلی وزیر توانائی یووال اسٹینز نے ایک ریڈیو انٹرویو میں بتایا کہ اگر صرف یورینیم افزودگی ہی کو لیں تو اگر ایران کو تمام تر سہولت میسر ہو تو اسے اس میں بھی6ماہ لگیں گے ، اسی طرح جوہری ہتھیار بنانے میں اسے اب بھی ایک سے دو سال کا عرصہ لگے گا ۔

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2018ء میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے شدہ جوہری سمجھوتے سے یک طرفہ طور پر دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

تازہ ترین