• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجیو کپور کی پہلی فلم میں کام کرنا میرے لیے اعزاز ہے: مادھوری ڈکشٹ

ماضی میں بالی ووڈ کو سُپر ہٹ فلمیں دینے والی بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کہتی ہیں کہ راجیو کپور کی ہدایتکاری میں بننے والی پہلی فلم میں کام کرنا اُن کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

دو روز قبل بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اور رشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپور 58 سال کی عمر میں چل بسے اور اس دل دہلا دینے والی خبر نے جہاں اُن کے اہلخانہ اور مداحوں کو افسردہ کیا تو وہیں بالی ووڈ فنکار بھی شدید غمزدہ نظر آئے۔

اس ضمن میں راجیو کپور کی پہلی فلم کی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے بھی اداکار کی یاد میں اپنے کچھ جذبات سوشل میڈیا پر شیئر کیے۔

مادھوری ڈکشٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’مجھے راجیو کپور کے ساتھ اُن کی ہدایتکاری میں بننے والی پہلی فلم ’پریم گرنتھ‘ میں کام کرنے کا موقع ملا تھا  جو میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’یہ اُن کے لیے ایک مشکل ترین چیلنج تھا جسے انہوں نے بڑی پختگی کے ساتھ سنبھالا تھا۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں راجیو کپور کے ساتھ گُزارے گئے خوبصورت لمحات کو یاد کرتے ہوئے اُن کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔‘

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیو کپور کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔

راجیو کپور کی موت کی خبر اُن کی بھابھی اور رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور نے اپنے انسٹاگرام پیغام کے ذریعے دی۔

خیال رہے کہ راجیو کپور بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور اور رندھیر کپور کے چھوٹے بھائی تھے، وہ ایک اداکار ہونے کے ساتھ ہی ہدایتکار اور پروڈیوسر بھی تھے۔

رشی کپور گزشتہ سال اس دُنیا فانی سے کوچ کرگئے تھے، رشی کپور نے گزشتہ سال 30 اپریل کی صبح ممبئی کے این ایچ رلائنس اسپتال میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔

خیال رہے کہ راجیو کپور نے سال 1983ء میں بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا، اُن کی پہلی فلم ’ایک جان ہیں ہم‘ تھی۔

راجیو کپور کی مشہور فلموں میں ’رام تیری گنگا میلی‘، ’لود بوائے‘ اور ’ہم تو چلے پردیس‘ شامل ہیں۔

وہ آخری مرتبہ فلم ’ذمہ دار‘ میں جلوہ گر ہوئے تھے جو سال 1990ء میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم کے بعد راجیو کپور نے اداکاری کی دُنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

اس کے علاوہ راجیو کپور مشہور بالی ووڈ فلم ’پریم گرنتھ‘ میں ہدایت کاری کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں جس میں مرکزی کردار راجیو کپور کے بڑے بھائی اور مشہور فلمی اداکار رشی کپور نے ادا کیا تھا۔

راجیو کپور نے سال2001 میں آرتی سبروال کے ساتھ شادی کی تھی تاہم اُن کی شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

تازہ ترین