• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’یہ ہماری پاوری ہورہی ہے‘ کے سرحد پار بھی چرچے

پاکستان میں وائرل ہونے کے بعد ’یہ ہماری پاوری ہورہی ہے‘ ویڈیو سرحد کے اُس پار بھی اس قدر مقبول ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو گانے میں تبدیل ہوگئی۔

گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک لڑکی کہتی نظر آتی ہے کہ ’یہ ہماری گاڑی ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہورہی ہے‘۔

لڑکی کے بولنے کا انداز اور لب و لہجہ ایسا تھا کہ ویڈیو صارفین کو بھا گئی اور چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہوگئی، یہ ویڈیو ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کافی مقبول ہورہی ہے۔

اب اس ضمن میں معروف بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے، جو ٹی وی شوز اور فلموں کی ویڈیو کلپس کو مضحکہ خیز گانوں میں تبدیل کرنے کے لئے مشہور ہیں، اُنہوں نے پاکستانی لڑکی کی ایک اس دلچسپ ویڈیو کو بھی ایک گانے میں تبدیل کردیا ہے۔


یشراج مکھاٹے نے اس گانے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’میں آج سے پارٹی نہیں کروں گا صرف پاوری کروں گا کیونکہ جو مزہ پاوری کرنے میں ہے، وہ مزہ پارٹی کرنے میں نہیں ہے۔‘

بھارتی میوزک کمپوزر نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اُن کو اس ویڈیو کو گانے میں تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

یشراج مکھاٹے نے یہ ویڈیو بنانے والی پاکستانی لڑکی دنا نیر کو بھی خوب سراہا۔

بھارتی میوزک کمپوزر کی اس ویڈیو کو چند ہی گھنٹوں میں ایک کروڑ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بھی اس وقت ہیش ٹیگ پاوری ہورہی ہے ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک میں اس ویڈیو کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور لوگ بھی دنا نیر کا یہ انداز فالو کرتے ہوئے ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

دنا نیر کے وہ ڈائیلاگز جو شہرت کا باعث بنے:

یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہورہی ہے

ان ڈائیلاگز کو پسند کرتے ہوئے پاکستانی شوبز ستارے بھی اپنے دوستوں کے ساتھ یہ ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔

تازہ ترین