• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹوریج اور آرائشی اشیا رکھنے کیلئے ’شیلف‘ بنوائیں

گھر کی سجاوٹ یا سامان کو سنبھال کر رکھنے میں اکثر یہ مسئلہ درپیش آتا ہے کہ آخر اسے کہاں رکھا جائے یا سجاوٹ کے لیے کیا طریقہ اپنایا جائے۔ اس کا ایک حل شیلف بنوانا ہے، جس سے نہ صرف سامان رکھنے کی اضافی جگہ مہیا ہوتی ہے بلکہ گھر میں زیادہ پھیلاؤ بھی نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ شیلفس گھر کی اہم ضرورت تصور کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ مکان تعمیر کروارہے ہیں یا اس کی تعمیرِنو کے مرحلے سے گزررہے ہیں تو ڈیزائن کی مناسبت سے گھر میں شیلفس بنوائیں۔ دِکھنے میں نہایت نفیس معلوم ہونے والے شیلفس عام طور سے لکڑی کے تختوں سے بنے ہوتے ہیں۔ 

ان میں رکھا سامان محفوظ بھی رہتا ہے اور ان کی قدروقیمت بھی بڑھتی ہے۔ شیلف کو سامان رکھنے، کسی جگہ کی تقسیم، سجاوٹ اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتاہے۔ ضرورت کے مطابق شیلفس گھر کے کسی بھی حصے میں بنوائے جاسکتے ہیں۔ سامان اسٹور کرنے کے لیے قدرے بڑے شیلفس بنوائے جاتے ہیں جبکہ سجاوٹی نقطہ نظر سے چھوٹے شیلفس بنتے ہیں، جس میں آرائشی اشیا بآسانی رکھی جاسکیں۔ آج ہم شیلف کے ذریعے گھر کی جدید انداز میں سجاوٹ اور اسٹوریج کے حوالے سے مختلف آئیڈیاز پر روشنی ڈالتے ہوئے ان ٹرینڈز کا ذکر کریں گے جن کا انتخاب سجاوٹ اور اسٹوریج کے لیے کیا جاسکتا ہے۔

ماڈیولر شیلفس

ماڈیولر شیلفس کو اس طرح ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی لچک دار ثابت ہوں۔ مثال کے طور پر بیڈروم یا لاؤنج میں پودے رکھنے کے لیے ماڈیولر شیلف کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح کمرے کی مجموعی سجاوٹ بھی متاثر نہیں ہوگی اور فطرت سے ہم آہنگی بھی پیدا ہوگی۔ ماڈیولر شیلف کو کمرے کی کسی ایک دیوار پر لگانے کے بعد ان پر گملے رکھے جاسکتے ہیں، جن میں ایسے پودے لگائے جاسکتے ہیں جو کمرے کی فضا کو صاف کرنے کا باعث بنیں۔ یعنی ایک تیر سے دو شکار کی مانندایک طرف یہ پودے کمرے کی سجاوٹ میں اضافہ کریں گے تو دوسری جانب بیڈروم میں ان کی موجودگی آپ کی صحت پر اچھا اثر ڈالے گی۔

انکلوزڈ شیلفس

ایک دوسرے سے جڑے شیلفس کو انکلوزڈ شیلفس کہا جاتا ہے۔ ان کا استعمال عموماً کچن میں کیبنٹس کی صورت میں دیکھا جاتا ہے، جن کے دروازے شیشے کے ہوتے ہیں، یوں وہ کچن کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم، اگر آپ ان شیلف کے لیے شیشے کے دروازوں کا انتخاب پسند نہیں کرتے تو ان کی جگہ لکڑی کے دروازے یا سلائیڈنگ ڈور بھی لگوائے جاسکتے ہیں۔ انکلوزڈ شیلفس کو کچن کے علاوہ ڈائننگ روم میں بھی لگایا جاسکتا ہے۔ یہ ٹرینڈی ہونے کے ساتھ آپ کے گھر کو ایک دلکش وضع فراہم کرتے ہیں۔

فلوٹنگ شیلفس

فلوٹنگ شیلف کو دیوار پر اس طرح لگایا جاتا ہے کہ بظاہر دیکھنے میں ایسا لگتا ہے کہ وہ بنا کسی سپورٹ کے لگا ہے۔ یہ شیلف اس کے اندر چھپی فکسنگ کی مدد سے دیوار پر لگایا جاتا ہے اوراس میں کوئی بریکٹ نہیں ہوتا۔ اسے ’فلوٹ‘ بنانے کے لیے مکمل طور پر مختلف سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ فلوٹنگ شیلفس سادہ ہوتے ہیں اور یہ لکڑی کے چھوٹے اور بڑے سائز میں مارکیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں۔ انہیں کمرے کی کسی بھی دیوار پر مختلف اسٹائل میں نصب کیا جاسکتا ہے۔ یہ کمرے کی خوبصورتی بڑھانے کے ساتھ ساتھ اعزازی انعامات اور آرائشی اشیا رکھنے کے کام آتا ہے۔

لائبریری شیلفس

یہ کلاسیکل طرز پر بنے لکڑی کے شیلف ہوتے ہیں جن میں کتابیں ،آرائشی اشیا اور دیگر سامان رکھنے کے لیے مختلف خانے بنے ہوتے ہیں۔ لائبریری شیلفس کی لمبائی عام طور سے فرش سے چھت تک ہوتی ہے۔ انہیں کمرے کی کسی ایک دیوار پر نصب کیا جاتا ہے اور یہ اس کی سجاوٹ پر خاصے اثر انداز ہوتے ہیں۔ 

ماہرین کی جانب سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ لائبریری شیلف کو لیونگ روم میں رکھا جائے کیونکہ یہ گھر کا خاصا بڑا کمرہ ہوتا ہے۔ اگر اس کمرے کی ایک دیوار لائبریری شیلف کے لیے مختص بھی کردی جائے تو بھی وہ چھوٹا نہیں لگے گا۔ یہ شیلف کتابیں اور آرائشی اشیا رکھنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ لائبریری شیلف میں اپنی ضرورت کے مطابق مختلف خانے اور ٹی وی رکھنے کے لیے بھی جگہ بنوائی جاسکتی ہے۔

اسٹیئر شیلفس

اسٹیئر شیلفس اسٹوریج کے لیے جگہ فراہم کرنے کے ساتھ آپ کے لیونگ روم کی سجاوٹ میں بھی کام آسکتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر میں کوئی ایسی سیڑھی ہے جو بے کار ہے یاجس کا استعمال نہ ہونے کے برابرہے تو اس کا عمدگی سے استعمال کرتے ہوئے اپنا گھر سجائیں۔ ایسی سیڑھی کو رنگ وروغن کرنے کے بعد قابلِ استعمال بنایا جاسکتا ہے۔ 

ایسی سیڑھی کو میگزینز،آرائشی اشیا اور آرائشی گملے رکھنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسٹیئر شیلف سے گھر کی سجاوٹ کا ٹرینڈ خاصا اِن ہے۔ اس طرح کی شیلفس اپنی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے بنوائی بھی جاسکتی ہیں۔

تازہ ترین