پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم 243 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق اپوزیشن امیدوار مہر عبدالستار نے 99 ووٹ حاصل کیے، 368 ووٹوں میں سے 345 ووٹ کاسٹ کیے گئے، 3 ووٹ مسترد ہو گئے۔
پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی ایک سیٹ کے لیے ہونے والے الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا، سینیٹ کی خالی نشست پرضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل شام 4 بجے تک جاری رہا۔
پولنگ کے لیے پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن مقرر کیا گیا تھا۔ الیکشن کمشنر پنجاب ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور 371 کے ایوان میں 369 ارکان ووٹ ڈالنےکے اہل تھے۔
سینیٹ الیکشن میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
مسلم لیگ ن نے چیف وہپ رانا ارشد کو پولنگ ایجنٹ مقرر کیا تھا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے رانا شہباز نے پولنگ ایجنٹ کے فرائض انجام دیے۔
مرکزی جمعیتِ اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی وفات کے بعد خالی نشست پر مسلم لیگ ن کے حافظ عبدالکریم اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مہر عبدالستار میدان میں ہیں جبکہ 2 آزاد امیدوار خدیجہ صدیقی اور اعجاز حسین بھی میدان میں ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے ایوان میں مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کے ارکان کی کل تعداد 261 جبکہ اپوزیشن اتحاد کے ارکان کی تعداد 108 ہے، کامیابی کے لیے 184 اعشاریہ 5 ووٹ درکار ہیں۔