بھارتی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ انیتا ہسانندنی نے اپنے بیٹے کی پہلی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
انیتا ہسانندنی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی خوبصورت فیملی فوٹو شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے اپنے بیٹے کو گود میں لیا ہوا ہے جبکہ اُن کے بیٹے کا چہرہ نظر نہیں آرہا ہے۔
مذکورہ تصویر میں انیتا ہسانندنی اور اُن کے شوہر محبت بھری نگاہوں سے اپنے نومولود بیٹے کو دیکھ رہے ہیں۔
انیتا ہسانندنی نے اس خوبصورت تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’اب ہم تین ہوگئے ہیں۔‘
بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ ’میں نے اُن تمام لوگوں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمارے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہی انیتا ہسانندنی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
انیتا ہسانندنی کے شوہر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے مداحوں کو بتایا تھا کہ اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
دوسری جانب بھارتی ڈرامہ پروڈیوسر ایکتا کپور نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اداکارہ انیتا کے ہمراہ ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ اسپتال میں موجود تھیں۔
واضح رہے کہ انیتا ہسانندنی نے بالی ووڈ کی معروف فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں فلم ’کچھ تو ہے‘، ’کوئی آپ سا‘ اور ’یہ دل‘ وغیرہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اُنہوں نے کئی بھارتی ڈراموں میں بھی مرکزی کردار ادا کرکے مقبولیت کے جھنڈے گاڑے ہیں، انیتا کا مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’کاویہ انجلی‘ تھا۔
انیتا ہسانندنی نے سات سال قبل روہت ریڈی سے شادی کی تھی جبکہ شادی کے کچھ عرصے بعد دونوں کی علیحدگی کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں تاہم اس جوڑی نے تمام خبروں کی تردید کردی تھی۔