• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف بھارتی اداکارہ انیتا ہسانندنی کے ہاں بیٹے کی پیدائش

بھارتی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ انیتا ہسانندنی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انیتا ہسانندنی کے شوہر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے مداحوں کو بتایا کہ اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی ڈرامہ پروڈیوسر ایکتا کپور نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اداکارہ انیتا کے ہمراہ ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کی۔


مذکورہ ویڈیو میں ایکتا کپور اسپتال میں موجود ہیں اور وہ ویڈیو بناتے وقت انیتا سے کہتی ہیں کہ پوز کرو۔

اُس کے بعد ایکتا کپور اپنی دوست کو بیٹے کی پیدائش پر مبارکباد دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’میرا بھانجا ہوا ہے۔‘

بیٹے کی پیدائش کے بعد انیتا اور اُن کے شوہر روہت کو مداحوں اور دوستوں کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

مداحوں کی بڑی تعداد بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی اس معروف شخصیت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کررہی ہے، تاہم ابھی تک اس جوڑی کی جانب سے بیٹے کی تصویر شیئر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ انیتا ہسانندنی نے بالی ووڈ کی معروف فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں فلم ’کچھ تو ہے‘، ’کوئی آپ سا‘ اور ’یہ دل‘ وغیرہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اُنہوں نے کئی بھارتی ڈراموں میں بھی مرکزی کردار ادا کرکے مقبولیت کے جھنڈے گاڑے ہیں، انیتا کا مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’کاویہ انجلی‘ تھا۔

انیتا  ہسانندنی نے سات سال قبل روہت ریڈی سے شادی کی تھی جبکہ شادی کے کچھ عرصے بعد دونوں کی علیحدگی کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں تاہم اس جوڑی نے تمام خبروں کی تردید کردی تھی۔

تازہ ترین