تین جملوں پر مبنی مختصر ویڈیو سے شہرت پانے والی دنانیر مبین نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی ’پاوری‘ ویڈیو کو کیوٹ قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک رہنے والے پی پی رہنما شرمیلا فاروقی نے بھی دنانیر سے مُتاثر ہوکر دوستوں کے ہمراہ ’پاوری‘ ویڈیو بناکر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردی۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں شرمیلا فاروقی اپنی سہیلیوں کے ساتھ کسی تقریب میں موجود ہیں جہاں وہ پاوری گرل کے منفرد انداز کو اپناتے ہوئے یہ جملے کہتی ہیں:
یہ میں ہوں، یہ میری فرینڈز ہیں اور یہ ہماری پاوری ہورہی ہے
شرمیلا فاروقی نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’ہماری پاوری۔‘
پی پی رہنما کی ویڈیو کو جہاں دیگر انسٹاگرام صارفین بےحد پسند کر رہے ہیں تو وہیں دنانیر نے شرمیلا فاروقی کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے اُن کی ویڈیو ’کیوٹ‘ قرار دے دیا۔
دنانیر کے کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ’میں آپ سے بہت متاثر ہوئی ہوں۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:
یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے
دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سیکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔
دیکھتے ہی دیکھتے دنانیر کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور نامور ٹی وی چینلز پر دنانیر کو انٹرویو کے لیے خصوصی طور پر مدعو بھی کیا گیا۔