• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف کارٹون ’دی سمپسن‘ اور ’پاوری گرل‘ کی مقبولیت میں حیرت انگیز مماثلت

مستقبل کی پیشگوئیوں سے متعلق مشہور امریکی اینیمیٹڈ کارٹون ’دی سمپسن‘ اور حال ہی میں ’پاوری ویڈیو‘ سے شہرت پانے والی پاکستانی لڑکی دنانیر  کے درمیان حیرت انگیز مماثلت موجود ہے۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:

یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے

دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سیکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔


دیکھتے ہی دیکھتے دنانیر کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور نامور ٹی وی چینلز پر دنانیر کو انٹرویو کے لیے خصوصی طور پر مدعو بھی کیا گیا۔

دنا نیر کو یوں اچانک ملنے والی شہرت کی صورتحال برسوں پہلے دکھائے گئے امریکی اینیمیٹڈ کارٹون کے کردار بارٹ سمپسن سے مماثلت کرتی ہے۔

امریکی کارٹون ’دی سمپسن‘ کے سال 1993ء میں ریلیز ہونے والے سیزن 5 کی ایک قسط میں دکھایا گیا تھا کہ کارٹون کا کردار بارٹ سمپسن سے اسٹیج ٹوٹ جاتا ہے۔

بارٹ سمپسن اپنی اس غلطی پر وہاں موجود لوگوں سے کہتا ہے کہ ’آئی ڈڈنٹ ڈو اِٹ‘، اس کے بعد لوگوں کو بارٹ سمپسن کا یہ انداز اس قدر پسند آتا ہے کہ وہ اُس کی نقل اُتارنے لگ جاتے ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے ہی بارٹ سمپسن بھی دنانیر کی طرح بےحد مشہور ہوجاتا ہے۔

بارٹ سمپسن کے اس ایک جملے پر مختلف گانے تیار کیے جاتے ہیں اور پھر اُسے بھی دنانیر کی طرح ٹی وی شوز میں بطورِ مہمان مدعو کیا جاتا ہے۔

اب کہا یہ جارہا ہے کہ دنانیر کو ملنے والی شہرت کی صورتحال بھی بالکل امریکی کارٹون ’دی سمپسن‘ کے کردار بارٹ سمپسن جیسی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی کارٹون ’دی سمپسن‘ دُنیا بھر میں مستقبل کی پیشگوئیوں کے حوالے سے کافی مشہور ہے۔

دی سمپسن‘ میں برسوں پہلے دنیا کے کچھ اہم واقعات دکھائے گئے ہیں جو مستقبل میں بالکل ویسے ہی سچ بھی ثابت ہوئے ہیں۔

تازہ ترین