بالی ووڈ اداکارہ اور بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ راکھی ساونت 14 لاکھ روپے کی رقم لیکر بگ باس 14 جیتنے کی ریس سے باہر ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بگ باس کے سیزن 14 کا فائنل آیا تھا جس کی فاتح بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ روبینہ دلیک بنیں۔
بگ باس 14 کے فائنل کے دوران بگ باس نے پانچوں ٹاپ کنٹسٹنٹ کو ایک آفر دی جس میں یہ تھا کہ بگ باس کی جانب سے 14 لاکھ روپے دیے جائیں گے جو کنٹسٹنٹ وہ 14 لاکھ روپے کی رقم تسلیم کرے گا وہ مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوجائے گا۔
اس کے لیے بگ باس نے ایک ٹاسک دیا جس میں جو کنٹسٹنٹ پہلے بزر بجاتا تو 14 لاکھ کی رقم اُس کی ہوجاتی اور وہ مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوجاتا۔
اس ضمن میں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ راکھی ساونت نے سب سے پہلے بزر بجاکر 14 لاکھ روپے کی رقم وصول کی اور مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوگئیں۔
بگ باس 14 کے میزبان اور بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے جب راکھی ساونت سے پوچھا کہ آپ کو کیا لگتا ہے کہ آپ نے 14 لاکھ روپے لیکر جیت کی ریس سے باہر ہونے کا فیصلہ درست کیا ہے؟
سلمان خان کے اس سوال پر راکھی ساونت نے کہا کہ جی ہاں مجھے لگتا ہے کہ میرا فیصلہ بالکل درست ہے۔
راکھی ساونت نے کہا کہ میں 14 لاکھ کی اس رقم سے اب اپنی بیمار والدہ کا علاج کرواؤں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر سے شروع ہونے والا بھارت کا مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 14 اختتام پذیر ہوگیا ہے اور اس سیزن کی فاتح سب سے مضبوط اُمیدوار روبینہ دلیک قرار پائی ہیں۔
بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔