گلاسگو (طاہر انعام شیخ) کوویڈ 19 کی وبا سے پیدا ہونے والے مسائل کے باعث بہت سے جنرل پریکٹشنز ڈاکٹرز سخت ذہنی دبائو کا شکار ہیں۔ سکاٹ لینڈ کی میڈیکل اینڈ ڈینٹیل ڈیفنس یونین کی طرف سے 280 جنرل پریکٹشنز ڈاکٹروں پر کئے ایک سروے کے مطابق 48 فیصد نے کہا کہ صورتحال سے اتنے پریشان ہیں کہ وہ قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے یا ملازمت چھوڑنے پر غور کررہے ہیں۔ 78 فیصد نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے ان کو سٹاف کی کمی کا سامنا ہے، 47 فیصد نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر کے مقابلے میں وہ اس وقت زیادہ پریشر کا سامنا کررہے ہیں، 59 فیصد ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ آج چونکہ مریضوں کے ساتھ آمنے سامنے مشاورت نہیں ہو رہی چنانچہ ان کو یا ان کے عملے کو مریضوں کی طرف سے اکثر جارحانہ رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ میڈیکل سٹاف چند ایسے گروپس میں شامل ہیں جوکہ کورونا کا زیادہ سے زیادہ نشانہ بنے ہیں اور ان میں ایک بڑی تعداد نسلی اقلیتوں سے ہیں۔