بھارتی معروف اداکارہ اور بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ راکھی ساونت کہتی ہیں کہ اگر اُنہیں اپنے شوہر کی پہلی شادی اور بچے کے بارے میں معلوم ہوتا تو وہ اُن سے کبھی شادی نہ کرتیں۔
بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے فائنل میں 14 لاکھ روپے کی رقم لیکر مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہونے والی راکھی ساونت نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’میرے شوہر نے مجھ سے اپنی پہلی بیوی اور بچے کے بارے میں چھپایا تھا جو میں نے پورے بھارت کو بتادیا۔‘
راکھی ساونت نے کہا کہ ’اگر رتیش مجھے پہلے ہی اپنی بیوی اور بچے کے بارے میں بتا دیتے تو میں کبھی بھی اُن سے شادی نہ کرتی۔‘
بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’میں اپنا گھر بسانے کے لیے کبھی کسی دوسری عورت کا گھر نہیں اُجاڑتی۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے پورے دل سے رتیش سے شادی کی تھی اور میں اپنے شوہر سے بہت محبت بھی کرتی ہوں لیکن میری یہ بدقسمتی ہے کہ وہ میری تقدیر میں نہیں۔‘
واضح رہے کہ راکھی ساونت نے بگ باس کے سیزن 14 کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ان کے شوہر پہلے ہی شادی شدہ تھے اور ایک بچے کے باپ بھی ہیں جس کے بارے میں انہیں شادی کے بعد پتہ چلا۔
راکھی ساونت نے گزشتہ برس جولائی میں برطانیہ میں مقیم بزنس مین سے شادی کی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر سے شروع ہونے والا بھارت کا مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 14 اختتام پذیر ہوگیا ہے اور اس سیزن کی فاتح سب سے مضبوط اُمیدوار روبینہ دلیک قرار پائی ہیں۔
بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔