• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکیم کے تحت 25 لاکھ میں چھوٹے گھر بنا کر دیں گے، شہباز گِل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ہمارے پاس پرائیویٹ بلڈرز کی اسکیم جمع ہوئی ہے جو 25 لاکھ میں چھوٹے گھر بنا کر دیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا تھا کہ صرف تنقید ہی نہیں بلکہ عوام کو بتانا چاہیے کہ ملک میں کیا مثبت ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ حکومتِ وقت نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم لے کر آئی جس میں 50000 گھر بننے تھے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد گھروں کی کمی ہے، پاکستان میں تنخواہ کم اور رہائش مہنگی ہوتی ہے جو عام آدمی کا مسئلہ ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ آج دیکھتے ہیں ملک میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پر بحث ہوگی یا ایک سیٹ پر بحث ہوگی۔


ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر انسان اپنا گھر بنانے کا خواب دیکھتا ہے، جن کی کم تنخواہ ہو تو وہ لاکھوں میں گھر کی پہلی قسط اور دیگر قسطیں کیسے ادا کرے گا؟

شہباز گل نے کہا کہ سرکار کو گھر بنانے کی نہیں بلکہ پہلے سسٹم ٹھیک کرنے کی ضرورت تھی، حکومت نے ایسا نظام بنایا کہ جب غریب آدمی گھر بنائے تو دفتروں کے چکر نہ لگائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس پرائیویٹ بلڈرز کی اسکیم جمع ہوئی ہے جو 25 لاکھ میں چھوٹے گھر بناکر دیں گے۔

شہباز گِل کا کہنا تھا کہ جب شہری گھر بک کریں گے تو حکومت 3 لاکھ روپے اکاؤنٹ میں جمع کروائے گی۔

انھوں نے کہا کہ جو کرایہ غریب انسان ماہانہ دیتا تھا اب وہ اپنے گھر کی قسط دے گا۔

تازہ ترین