آپ آف لائن ہیں
جمعہ3؍رمضان المبارک 1442ھ 16؍اپریل2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال تشویشناک ہے، اقوام متحدہ

جنیوا (این این آئی)اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلیٹ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیل کے مطابق انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کی ہائی کمشنرمشیل بیچلیٹ نے اس تشویش کا اظہار جنیوا میں جاری اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) کے 46 ویں اجلاس کو 50 سے زائد ملکوں میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں آگاہی کے دوران کیا۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ اقوام متحدہ کا انسانی حقوق کمیشن مقبوضہ جموںوکشمیر کی صورتحال پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے جہاں مواصلات پر پابندی اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کے خلاف کارروائی باعث تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس فور جی کی حالیہ بحالی کے باوجود مواصلاتی ناکہ بندی نے شہریوں کے روز مرہ کے معمولات ، کاروبار ، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے معاملات کو سخت متاثر کیا ہے۔

انسانی حقوق کمیشن کی سربراہ نے مظاہروں کی کوریج کرنے والے صحافیوں ، سوشل میڈیا پر اظہار خیال کرنے والوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف بھارتی حکام کی کارروائی پر بھی تنقید کی۔

مشیل بیچلیٹ نے مزید کہا کہ ہزاروں بھارتی کسانوں کی طرف سے جاری مظاہروں نے اس بات کی اہمیت دوچند کر دی ہے کہ قوانین اور پالیسیاں متعلقہ افراد کے ساتھ بامقصد مشاورت پر مبنی ہونی چاہئیں۔

اہم خبریں سے مزید