پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ حکومتی ووٹ 172 سے زیادہ ہوں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید خان نے کہا کہ اپوزیشن کو اندازہ نہیں، وہ عمران خان سے ڈیل کررہے ہیں، کسی عام بندے سے نہیں۔
فیصل جاوید خان نے کہا کہ بھاگ گئے ہیں جی، سارے بھاگ گئے ہیں، سیکرٹ بیلٹنگ میں اپوزیشن نے پیسہ چلایا اورآج وہ بھاگ گئے۔
اُنہوں نے اپوزیشن کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آؤ عمران خان کو ہراؤ، یہ بھاگ گئے ہیں چوہے بلوں میں گُھس گئے ہیں۔
فیصل جاوید خان نے کہا کہ آج میدان کھلا ہے تو کپتان تو کھڑا ہے لیکن وہ لوگ بھاگ گئے ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کے لیے اوپن پولنگ ہوگی۔
واضح رہے کہ آج وزیرِ اعظم عمران خان پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے والے ہیں، اس سلسلے میں پارلیمنٹیرینز کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کا سلسلے بھی جاری ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان وزیرِ اعظم عمران خان سے اظہارِ یک جہتی کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ رہے ہیں، سوا 12 بجے دن قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گا۔