• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بگ باس 14 کی فاتح روبینہ دلیک، نیہا ککڑ کے گانے میں جلوہ گر ہونے کیلئے تیار

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح روبینہ دلیک اور اُن کے شوہر ابھینوو شکلا اب معروف بالی ووڈ گلوکارہ نیہا ککڑ کے نئے گانے میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

روبینہ دلیک نے اپنے لاکھوں مداحوں کو اپنے نئے پراجیکٹ کے حوالے سے اہم اطلاع دینے کے لیے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کا رُخ کیا۔

روبینہ دلیک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے نئے پراجیکٹ کا پوسٹر شیئر کیا جس میں اُن کے ہمراہ اُن کے شوہر ابھینوو شکلا کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

بگ باس 14 کی فاتح نے بتایا کہ ’یہ گانا بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ نیہا ککڑ کی سُریلی آواز میں تیار کیا گیا ہے جس کا نام ’مرجانیا‘ ہے۔‘

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں نیہا ککڑ کے ساتھ ہمارے پہلے پراجیکٹ کا اعلان کرکے بہت خوش ہوں۔‘

روبینہ دلیک کی پوسٹ پر اُن کے قریبی دوستوں، بھارتی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ روبینہ دلیک کے ساتھ اُن کے شوہر ابھینوو شکلا بھی بگ باس 14 کے گھر کا حصہ تھے لیکن وہ اس کھیل سے آؤٹ ہوگئے تھے۔

بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔

آخر میں یہ مقابلہ روبینہ دلیک اور راہول ویدیا کے درمیان چلا اور پھر بالی ووڈ اداکار اور اس شو کے میزبان سلمان خان نے روبینہ دلیک کو زیادہ ووٹس ملنے کی بنا پر بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح قرار دیا۔

خیال رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2006ء میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے 2 سال بعد 2008ء میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔

تازہ ترین