آپ آف لائن ہیں
منگل7؍رمضان المبارک 1442ھ 20؍اپریل2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

صرف میری وجہ سے آج روبینہ اور ابھینوو ساتھ ہیں: راکھی ساونت

بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ راکھی ساونت نے کہا ہے کہ روبینہ دلیک اور  ابھینوو شکلا صرف اُن کی وجہ سے آج ایک ساتھ ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ابھیننو شکلا بالکل پسند نہیں ہیں اور نہ ہی مجھے اُن سے کبھی محبت ہوئی ہے۔‘

راکھی ساونت نے کہا کہ ’میں جب بگ باس 14 کے گھر میں آئی تو میں نے دیکھا کہ ابھینوو اور روبینہ کے ازدواجی تعلقات خراب چل رہے ہیں اور بطورِ کنٹسٹنٹ ابھینوو نہایت ہی بورنگ بھی تھا۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’یہ سب دیکھنے کے بعد میں نے روبینہ سے کہا کہ کیا میں تمہارے شوہر ابھینوو کو ایک دلچسپ کنٹسٹنٹ بنانے کی کوشش کروں؟ جس پر روبینہ نے کہا ہاں تمہیں جو کرنا ہے، تُم وہ کرو۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے روبینہ کے کہنے پر ابھینوو سے پیار کا ڈرامہ کیا تھا لیکن مجھے کیا معلوم تھا کہ میری اچھائی برائی میں بدل جائے گی۔‘

راکھی ساونت نے کہا کہ ’میں راکھی ہوں، اگر کوئی مجھے ہاتھ بھی لگائے تو میں چیخ اُٹھتی ہوں لیکن روبینہ نے ایک چھوٹی سی بات پر مجھ پر گندا پانی پھینکا لیکن میں خاموش رہی کیونکہ میں بگ باس، سلمان خان اور اپنے عوام سے انصاف چاہتی تھی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میں چاہتی تھی، بگ باس اور سلمان خان مجھے بتائیں کہ میں نے کہاں غلطی کی کہ مجھ پر پانی پھینکا گیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر آج روبینہ اور ابھینوو کی شادی ٹوٹنے سے بچی ہے تو اُس کی وجہ صرف میں ہوں کیونکہ اگر میں پیار کا ڈرامہ نہیں کرتی تو روبینہ کے دل میں اپنے شوہر کے لیے محبت نہ جاگتی۔‘

راکھی ساونت نے مزید کہا کہ ’میں بگ باس کے گھر اور اُس سے جُڑی ہوئی تمام یادوں کو بہت زیادہ مس کرتی ہوں۔‘

دوسری جانب بگ باس 14 کی فاتح روبینہ دلیک نے اپنے انٹرویو کے دوران کہا کہ  انہیں اپنے کیے پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے کیونکہ راکھی نے اپنی حدیں عبور کر ڈالی تھیں، یا یہ کہا جاسکتا ہے کہ انہوں نے کسی مقصد سے یہ سب کچھ کیا۔

روبینہ کا کہنا تھا کہ مجھے راکھی ساونت کے رویے سے شدید تکلیف ہوئی تھی  کیونکہ میرا شوہر میرا فخر ہے۔

واضح رہے کہ راکھی ساونت نے بگ باس کے سیزن 14 میں ایک ٹاسک کے دوران ابھینوو شکلا کو غیراخلاقی طور پر تنگ کیا تھا جس پر ابھینوو نے راکھی کو ایسی حرکت دوبارہ کرنے سے منع کیا تھا لیکن جب روبینہ کو یہ بات معلوم ہوئی تو اُنہوں نے غصے میں راکھی پر گندا پانی پھینک دیا تھا۔

خیال رہے کہ روبینہ کے ساتھ ساتھ راکھی ساونت نے بھی بگ باس 14 میں شرکت کی تھی  لیکن آخری لمحات میں راکھی ساونت 14 لاکھ روپے کی رقم لے کر شو میں فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھیں تاہم روبینہ دلیک بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح قرار پائی تھیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید