رواں ہفتے بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 14 جیتنے کی دوڑ سے باہر ہونے والے بالی ووڈ اداکار ابھینو و شکلا کہتے ہیں کہ اُن کے اور اہلیہ روبینہ دلیک کے درمیان اب سب ٹھیک ہوگیا ہے لہٰذا وہ اب ایک دوسرے سے طلاق نہیں لے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار ابھینوو شکلا نے بگ باس کے گھر سے باہر آنے کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’اب میرے اور روبینہ کے درمیان تمام اختلافات ختم ہوچکے ہیں لہٰذا اب ہمارے درمیان طلاق نہیں ہورہی ہے۔‘
ابھینوو شکلا نے کہا کہ ’بگ باس کی وجہ سے ہمارا رشتہ مضبوط ہوا اور ہم نے ایک دوسرے کو بہتر طریقے سے سمجھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’بگ باس کے سیزن 14 کا حصہ بننے سے پہلے، میں نے روبینہ سے کہا تھا کہ جب ہم بگ باس ہاؤس کے اندر لڑائی جھگڑوں کو دیکھیں گے تو ہمیں ہمارے جھگڑے بےمعنی اور چھوٹے لگنے لگیں گے۔‘
ابھینوو شکلا نے کہا کہ ’اور واقعی بگ باس ہاؤس میں جانے کے بعد یہی ہوا، وہاں اتنے بڑے بڑے جھگڑے ہوئے کہ میں اور روبینہ ہماری چھوٹی چھوٹی لڑائیاں بھول گئے۔‘
بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ ’جب روبینہ بگ باس 14 کا فائنل جیت کر واپس آئے گی تو ہم ہمارے رشتے کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں بگ باس کے سیزن 14 کے دوران، ابھینوو شکلا کی اہلیہ روبینہ دلیک نے انکشاف کیا تھا کہ میرے اور میرے شوہر کے درمیان کچھ اختلافات چل رہے ہیں جس کی وجہ سے ہم نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
روبینہ دلیک نے کہا تھا کہ اگر بگ باس سے باہر جانے تک ہماری ازدواجی زندگی بہتر نہیں ہئی تو ہم طلاق لے لیں گے۔
خیال رہے کہ روبینہ دلیک کے ساتھ اُن کے شوہر ابھینوو شکلا بھی بگ باس 14 کے گھر کا حصہ تھے لیکن وہ رواں ہفتے اس کھیل سے آؤٹ ہوگئے۔
روبینہ دلیک جو کہ بگ باس 14 ٹرافی جیتنے کے اعلیٰ دعویداروں میں شمار ہوتی ہیں، اُنہوں نے اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کرنے سے پہلے ہی دو اعزاز اپنے نام کیے تھے۔
اُنہوں نے 2006 میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے دو سال بعد 2008 میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔
دوسری جانب روبینہ دلیک کو بگ باس 14 کی مقبول ترین اُمیدوار ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، اس شو کے سامعین روبینہ دلیک کو شو کی ابتداء سے ہی بہت سپورٹ کررہے ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ وہ اداکارہ کی جیت کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں جبکہ اُن کے شوہر ابھینوو شکلا بالی ووڈ کی کئی فلموں میں اداکاری کرچکے ہیں۔