پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شائستہ جبین نے شادی نہ کرنے کی وجہ سے مداحوں کو آگاہ کردیا۔
شائستہ جبین حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شریک ہوئی تھیں جہاں میزبان نے اداکارہ سے مختلف سوالات پوچھے۔
اُنہی سوالوں میں سے ایک سوال شائستہ جبین سے یہ بھی پوچھا گیا کہ اداکارہ نے ابھی تک شادی کیوں نہیں کی؟
اس سوال کے جواب میں شائستہ جبین نے کہا کہ ’میں نے ابھی تک جتنی بھی شادیاں دیکھی ہیں اُن میں سے چند ہی لوگوں کی شادی شدہ زندگیاں خوشحال گُزر رہی ہیں۔‘
شائستہ جبین نے کہا کہ ’کہیں شوہر خراب ہے تو کہیں بیوی، لوگوں کی ناکام شادی شدہ زندگیاں دیکھ کر میں نے شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’یہاں تک کہ میں اپنے بھائی کی ازدواجی زندگی دیکھ کر بھی اُسے یہی کہتی ہوں کہ صرف تُم لوگوں کی ہی وجہ سے ہی میں نے شادی نہیں کی۔‘
اُنہوں نے شوبز میں اپنی انٹری کے حوالے سے کہا کہ ’میں نے بچپن میں ہی اپنے والد کو کھودیا تھا اور اُن حالات میں فیملی کو سپورٹ کرنے کے لیے شوبز کا رُخ کیا۔‘
شائستہ جبین نے کہا کہ ’میں اپنے خاندان کی پہلی اور آخری خاتون ہوں جس کا تعلق شوبز سے ہے کیونکہ میرے خاندان میں اس کام کو اچھا نہیں سمجھا جاتا تھا اور کوئی مجھے اپنا رشتہ دار بھی تسلیم نہیں کرتا تھا۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’شاید اب کوئی مجھے اپنا رشتہ دار کہہ بھی دیتا ہو لیکن ماضی میں کوئی قبول نہیں کرتا تھا کہ میں اُن کی رشتہ دار ہوں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ میں نے کبھی کسی کے سامنے اپنے خاندان کا ذکر نہیں کیا کیونکہ جب کوئی مجھے پسند نہیں کرتا تو میں کیوں اُن کا ذکر کروں۔‘
واضح رہے کہ شائستہ جبین نے اپنے فنی کیرئیر کی ابتدا اسٹیج ڈراموں سے کی تھی جس کے بعد انہیں ٹی وی ڈراموں میں بھی کاسٹ کیا جانے لگا۔
ڈرامہ سیریل ’آغوش‘ سے ٹی وی کیرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ شائستہ جبین نے اپنی منفرد پرفارمنس اور مختلف کرداروں کے ذریعہ بہت جلد اپنی جداگانہ پہچان بھی بنائی۔