• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں گیس کی قلت میں مزید اضافہ، گھریلو صارفین شدید پریشان

کراچی(اعظم علی /نمائندہ خصوصی) کراچی کے بیشتر علاقوں میں گیس سپلائی کی قلت میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے جبکہ حکومت اس سلسلے میں سب ٹھیک ہے کا راگ الاپ رہی ہے ،شہریوں نے جنگ کو بتا یا کہ ان کی شکایات ایس ایس جی سی سنجیدگی سے نہیں لے رہی جب شہریوں کی اذیت دن بدن بڑھتی جارہی ہے، اس سلسلے میں جنگ کو موصول شدہ اطلاعات کے مطابق گیس کی قلت سے پورا کراچی متاثر ہے جبکہ بعض علاقوں میں 4 مہینوں سے بالکل گیس نہیں ہے شہریوں نے جن علاقوں سے گیس کی قلت کی شکایات کی ہیں ان میں ناظم آباد،نارتھ کراچی، شادمان ، گلستان جوہر، نیوکراچی، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ، اورنگی ٹاؤن ،گارڈن ، پاک کالونی، سولجر بازار ،لانڈھی، اپر گزری، کلفٹن ڈیفنس شامل ہیں، شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت نے شہریوں کو بنیادی سہولت سے محروم کررکھا ہے اور حکام کو شہریوں کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں ۔اس سلسلے میں جب سوئی سدرن گیس کے ترجمان شہباز اسلام سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے کسی علاقے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی، تاہم کئی جگہوں پر لائنوں کی مرمت کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے گیس تھوڑی مدت کے لئے بند کی جاتی ہے،انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کی شکائت کی صورت میں گیس کمپنی کے نمبر1199 پر شکائت درج کروائیں۔

تازہ ترین