• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو سب سے زیادہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، علی زیدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سید علی حیدر زیدی نے کہا ہےکہ کلین اینڈ گرین پاکستان اسکاؤٹس کیمپوری کی تھیم وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے عین مطابق ہے اور وقت کی اہم ضرورت بھی ہے کیونکہ پاکستان کو سب سے زیادہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے ،ساری زندگی جدوجہد کا نام ہے ، اگر لیڈر بننا ہے تو خود کو ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار کرنا ہوگا ، وہ گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر کراچی میں کلین-گرین پاکستان اسکاؤٹس کیمپوری کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے ان کا مزید کہنا تھا کہ زندگی میں کبھی دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہئے ، انہوں نے کے پی ٹی کی جانب سے چلائی جانے والی مینگرو گرین پاکستان مہم میں اسکاؤٹس کو شمولیت کی دعوت دی جس کے تحت اب تک دس ہزار مینگرو کے درخت لگائے جا چکے ہیں، تقریب کی نظامت کے فرائض کیمپوری ڈائریکٹر اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے انجام دیئے جبکہ چیف اسکاؤٹ کمشنر سرفراز قمر ڈاھا نے کلمات استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان اسکاؤٹس کیمپوری منعقد کرنے میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن نے اہم کردار ادا کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹس نے شجر کاری مہم کے دوران 15لاکھ سے زائد پودے لگائے ہیں جبکہ اس کیمپوری کے دوران دس ہزار پودے لگائے گئے ہیں ۔

تازہ ترین