بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے مضبوط اُمیدوار اور بالی ووڈ اداکار اعجاز خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی اور پویترا کی شادی کی تاریخ عوامی سطح پر منظر عام پر نہیں لانا چاہتے کیونکہ وہ نہیں چاہتے اُن کی ذاتی معلومات ہر ایک کو معلوم ہو۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اعجاز خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی اور پویترا کی شادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ میں پویترا سے شادی کب کروں گا اور مجھے لگتا ہے کہ ایک اداکار ہونے کی حیثیت سے مجھے اس بارے میں عوامی سطح پر گفتگو بھی کرنی چاہیے۔‘
اعجاز خان نے کہا کہ ’ہمیں ہر ایک کو اپنی زندگی میں جو کچھ بھی ہوتا ہے اس سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے لیکن میں ایک ایسا انسان ہوں جو نہیں چاہتا کہ اُس کی نجی زندگی کی معلومات کو عوامی سطح پر لایا جائے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں پسند کہ میں اپنی نجی زندگی کے بارے میں سب کے سامنے کُھل کر بات کروں کیونکہ کچھ باتیں ذاتی بھی ہوتی ہیں جو ہر ایک کے سامنے نہیں کی جاتیں۔‘
بگ باس 14 کے اُمیدوار نے کہا کہ ’میں ابھی اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان نہیں کرسکتا ہوں لیکن جب بھی ہماری شادی ہوگی تو ہر ایک کو پتہ چل جائے گا کیونکہ ایسی باتیں چُھپتی نہیں ہیں لیکن فی الحال اس بارے میں زیادہ بات کرنے سے گریز کرتا ہوں۔‘
واضح رہے کہ اعجاز خان اور پویترا پونیا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 14 میں ہوئی تھی، دونوں ہی بطور اُمیدوار اس شو میں شامل ہوئے تھے، جہاں ان کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی تھی۔
پویترا پونیا ووٹوں کی کمی کی وجہ سے جلد ہی بگ باس 14 سے باہر ہوگئی تھیں جبکہ اعجاز خان کو اپنی فلم کی شوٹنگ کی وجہ سے بگ باس کا گھر چھوڑنا پڑا لیکن اس کے بعد اعجاز خان کی جگہ ’دیولینا‘ اُن کی پروکسی بن کر اُن کے لیے کھیل رہی تھیں۔
بگ باس کے گھر سے باہر آنے کے بعد اعجاز خان اور پویترا پونیا نے ایک دوسرے سے شادی کا فیصلہ کیا تھا۔