بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح روبینہ دلیک اور اُن کے شوہر ابھینو وشکلا کا پہلا گانا ریلیز ہونے کے فوراََ بعد ہی سوشل میڈیا پر چھاگیا۔
بالی ووڈ کی مقبول ترین گلوکارہ نیہا ککڑ کی سُریلی آواز میں تیار کیا گیا گانا ’مرجانیا‘ ایک گھنٹہ پہلے ہی ریلیز ہوا ہے۔
اس گانے کے مرکزی کردار میں بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح روبینہ دلیک اور اُن کے شوہر ابھینو وشکلا ہیں۔
گانے کی کہانی میاں بیوی کے اردگرد گھومتی نظر آتی ہے جس میں شوہر ہمیشہ اپنے کام میں مصروف رہتا ہے جبکہ بیوی کو شوہر سے یہی شکوہ رہتا ہے کہ وہ اُنہیں وقت نہیں دیتا ہے۔
یہ گانا صرف ایک گھنٹہ پہلے ہی یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا گیا ہے جسے اب تک پانچ لاکھ کے قریب افراد دیکھ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ نیہا ککڑ کی آواز میں گنگنایا گانا ’مرجانیا‘ روبینہ دلیک کے کیرئیر کا پہلا گانا ہے، اس سے پہلے وہ کبھی کسی گانے میں جلوہ گر نہیں ہوئیں۔
اس کے علاوہ روبینہ دلیک نے اس گانے سے پہلے کبھی اپنے شوہر کے ساتھ بھی کسی پراجیکٹ میں کام نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ اس جوڑی کو اسکرین پر ساتھ دیکھنے کے بعد اُن کے مداح بےحد خوش ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روبینہ دلیک کے ساتھ اُن کے شوہر ابھینوو شکلا بھی بگ باس 14 کے گھر کا حصہ تھے لیکن وہ اس کھیل سے آؤٹ ہوگئے تھے۔
بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔
آخر میں یہ مقابلہ روبینہ دلیک اور راہول ویدیا کے درمیان چلا اور پھر بالی ووڈ اداکار اور اس شو کے میزبان سلمان خان نے روبینہ دلیک کو زیادہ ووٹس ملنے کی بنا پر بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح قرار دیا۔
خیال رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2006ء میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے 2 سال بعد 2008ء میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔