پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی اداکار حسن احمد اور اُن کی اہلیہ اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے مداحوں کو اپنے بچوں کے مذہب کے حوالے سے بتادیا۔
حال ہی میں اداکار حسن احمد اپنی اہلیہ سنیتا مارشل کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک ہوئے جہاں اُنہوں نے اپنے کیرئیر اور بچوں کے حوالے سے گفتگو کی۔
شوبز انڈسٹری کی اس جوڑی نے پروگرام میں اپنے بچوں کے مذہب کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ اُن کے بچے مکمل طور پر دینِ اسلام کی پیروی کرتے ہیں۔
اس حوالے سے اداکار حسن احمد نے کہا کہ ’میں نے اور سنیتا نے شادی کے وقت ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ ہمارے بچے مکمل طور پر صرف دینِ اسلام کی ہی پیروی کریں گے۔‘
سنیتا مارشل نے کہا کہ ’اگر میری امّی کے گھر میں کرسمس یا عیسائی مذہب کی کوئی تقریب منعقد ہوتی ہے تو میرے بچے اُس میں شرکت ضرور کرتے ہیں لیکن چرچ نہیں جاتے۔‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’حسن سے شادی سے لیکر اب تک میرے ہر فیصلے میں میرے والد نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔‘
واضح رہے کہ اداکار حسن احمد اور سنیتا مارشل سال 2009ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور اس جوڑی کے دو بچے بھی ہیں۔
سنیتا مارشل کا تعلق عیسائی مذہب سے تھا جبکہ اُن کے شوہر حسن احمد کا تعلق اسلام سے ہے۔