پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے کامیڈین اداکار عدنان ٹیپو نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز سے پہلے فوج میں اُن کی سلیکشن ہوگئی تھی لیکن وہ وہاں سے بھاگ آئے تھے۔
اداکار عدنان ٹیپو حال ہی میں ایک ویب پروگرام میں بطورِ مہمان شریک ہوئے جہاں اُنہوں نے میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’دیگر پاکستانیوں کا طرح مجھے بھی ایک کرکٹر بننے کا بہت شوق تھا لیکن افسوس میرا یہ خواب پورا نہ ہوسکا۔‘
عدنان ٹیپو نے کہا کہ ’میں نے سوچا سی ایس ایس کرلوں، پھر میں نے پاک فوج جوائن کرنے کے لیے آئی ایس ایس بی میں پی ایم اے - ایل سی کا ٹیسٹ دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے ٹیسٹ پاس کیا اور تقریباََ آرمی میں میرا سلیکشن ہوگیا تھا کہ میں وہاں سے بھاگ گیا اور پھر میں ’بھگوڑوں‘میں شامل ہوگیا۔‘
اداکار نے کہا کہ ’میرے بڑے بھائی پاک آرمی میں بطورِ میجر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے اور اُنہیں دیکھ کر مجھے لگتا تھا کہ میں بھی فوج کی زندگی باآسانی گُزار لوں گا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔‘
عدنان ٹیپو نے کہا کہ ’فوج کی زندگی بہت مشکل تھی، اسی لیے میں وہاں سے بھاگ گیا۔‘
اُنہوں نے اداکاری کے شعبے کے حوالے سے کہا کہ ’لوگ میری اداکاری دیکھ کر مجھے ایک کامیاب اداکار کہتے ہیں لیکن میں اس کے بالکل برعکس سوچتا ہوں۔‘
عدنان ٹیپو نے کہا کہ ’میں لوگوں سے کہتا ہوں کہ میں کامیاب نہیں بلکہ ایماندار اداکار ہوں کیونکہ میں ہر کردار کے لیے سخت محنت کرتا ہوں۔‘