پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 757 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 78 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 2 ہزار 848 مریض شفایاب ہو گئے، کورونا وائرس کے مثبت کیسز آنے کی شرح 10 اعشاریہ 8 فیصد رہی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 434 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 67 ہزار 957 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 43 ہزار 965 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 1 لاکھ 97 ہزار 329 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 50 ہزار 397 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 197 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 3 ہزار 126 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 65 ہزار 443 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 4 ہزار 497 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 2 لاکھ 20 ہزار 392 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 6 ہزار 365 ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 87 ہزار 55 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 2 ہزار 342 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 57 ہزار 833 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 568 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 19 ہزار 557 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 207 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 12 ہزار 663 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 352 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 24 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 103 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔