• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگلات کی کٹائی کی روک تھام کیلئے متعلقہ آبادیوں کو ایندھن کے طور پر استعمال کے لئے متبادل ذرائع کی فراہمی ضروری ہے،وزیر جنگلات

پشاور ( جنگ نیوز )خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات ، ماحولیات و جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوہستان اور چترال کے عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں اور علاقے کے مکینوں کو دستیاب وسائل میں ریلیف دینے کے لئے ہرممکن کوشش کریں ۔ یہ باتیں انہوں نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہیں ۔ تقریب میں متعلقہ محکمہ جات کے افسران اور کوہستان اور چترال ٹرافی ہنٹنگ کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ ٹرافی ہنٹنگ کے نمائندوں نے اپنے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا جنگلات کی کٹائی کی روک تھام کے لئے متعلقہ آبادیوں کو ایندھن کے طور پر استعمال کے لئے متبادل ذرائع کی فراہمی ضروری ہے تاکہ جنگلات کو تحفظ دیا جا سکے ۔ نمائندوں نے ٹرافی ہنٹنگ رقوم کی بروقت ادائیگی نہ کرنے کے مسائل کا بھی ذکر کیا او رکہا کہ مذکورہ رقم جلد ملنے کی صورت میں ان کی ضرورتیں پوری ہو سکتی ہیں ۔ انہو ں نے صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ جنگلات جیسی قومی دولت کو تحفظ دینے اور جنگلی حیات کے ورثے کو بچانے کے لئے وہ حکومت کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری عملدرآمدکرنے کے لئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوہستان اور چترال کی مقامی آبادی جنگلات اور جنگلی حیات کے فروغ کے لئے انتہائی دلچسپی سے کام اور محنت کر رہی ہے اور علاقے کے لوگوں کی پھلدار پودوں کے لئے محنت قابل ستائش ہے ۔ اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ حکومت کا شروع کردہ بلین ٹری پراجیکٹ کا منصوبہ کامیابی کی طرف گامزن ہے جس سے جنگلات کے رقے میں 06.03فی صد اضافہ ہو گا اور لاکھوں بے روزگار نوجوانوں کو روز گار بھی ملے گا ، اس کے ساتھ ساتھ عوام کی تفریح ، سیر و سیاحت اور جنگلات کی افزائش کے لئے خوبصورت پارکس بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔
تازہ ترین